اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ نے پاکستان تحریک انصاف کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ (آج) جمعرات کو کوئی ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش نہ کرے، طاقت کے زور پر ریڈ زون میں داخلہ کی کوشش پر سختی سے نمٹا جائے گا، الیکشن کمیشن کے فیصلہ کے بعد عمران خان بیرونی طاقتوں کے ایجنٹ ثابت ہو چکے ہیں، عمران خان نے ملک میں نفرت اور انتشار پھیلانے کیلئے بیرون ممالک سے پیسے لئے، انہوں نے سیاست میں عدم برداشت اور گالم گلوچ کا کلچر متعارف کرایا، اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو ان سے سختی سے نمٹا جائے گا، (آج) جمعرات کو پی ٹی آئی کے احتجاج میں اگر املاک کو نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ دار پاکستان تحریک انصاف کی قیادت ہو گی، رپورٹس ہیں کہ پی ٹی آئی والے الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہو سکتے ہیں، ریڈ زون میں احتجاج کرنے پر پابندی ہے، پی ٹی آئی احتجاج کے نام پر انتشار پھیلانا چاہتی ہے، کسی کو ریڈ زون میں داخلہ اور الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی، سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے مختص مقامات پر پرامن احتجاج کی صورت میں سکیورٹی سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ بدھ کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے ہمراہ یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان الیکشن کمیشن کا فیصلہ آنے کے بعد غیر ملکی ایجنٹ قرار دیئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عدلیہ کی جانب سے مختص مقامات پر احتجاج کر سکتی ہے، ان مقامات پر پرامن احتجاج کی صورت میں سکیورٹی بھی فراہم کی جائے گی، اگر انہوں نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے پاکستان تحریک انصاف کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آج عمران خان نے اپنے بیان اور فواد چوہدری نے میڈیا ٹاک کے دوران کہا ہے کہ کل الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے سامنے احتجاج کیا جائے گا، رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف احتجاج کی آڑ میں گڑ بڑ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، اگر ان کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی اجازت دی گئی تو یہ الیکشن کمیشن آف پاکستان پر حملہ آور ہو سکتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ اپنے فیصلوں میں قرار دے چکے ہیں کہ ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت نہیں ہے اور ای سی پی ریڈ زون میں واقع ہے۔ وزیر داخلہ نے تحریک انصاف کی قیادت اور ورکرز کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ کل ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش نہ کریں بلکہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ نے ایچ نائن اور ایف نائن میں احتجاج کے حوالہ سے جو علاقے مختص کئے ہیں اور جہاں پر پہلے بھی احتجاج ہوتے رہے ہیں وہاں پر احتجاج کریں، ان مقامات پر پرامن احتجاج کی صورت میں سکیورٹی سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی احتجاج کیلئے ریڈ زون میں داخلہ کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی اور اگر کسی نے طاقت کے زور پر ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی تو اس کو روکا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت آنسو گیس کے استعمال پر کہتی ہے کہ ہم پر ظلم اور بربریت ہوتی ہے جبکہ انہیں معلوم ہی نہیں کہ سیاسی جدوجہد میں لوگوں نے کیسی کیسی مشکلات کا سامنا ہے۔











