ہنگو، 4 اگست (اے پی پی): یوم شہداء کے حوالے سے ہنگو پولیس لائنز میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ونگ کمانڈر ٹل سکاوٹس کرنل علاؤ الدین، ڈپٹی کمشنر رفیق خان مہمند، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہنگو آصف بہادر سمیت شہداء کے لواحقین نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ونگ کمانڈر ٹل سکاوٹس کرنل علاؤ الدین نے کہا کہ پولیس شہداء قوم کا فخر ہیں جن کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید کا مرتبہ بہت اعلیٰ ہے اور شہید زندہ ہیں انہوں نے فلسفہ شہادت پر تفصیلی خطاب کیا۔
ڈپٹی کمشنر رفیق خان مہمند نے خطاب کرتے ہوئے پولیس شہداء کو سلام پیش کیا اور کہا کہ پولیس کانسٹیبل سے لیکر آئی جی تک کے افسران نے ملک و قوم کے لئے فرائض کی ادائیگی کے دوران بہادری اور جوانمردی کا مظاہرہ کیااور شہادت کے قابل رشک منصب ہر فائز ہوئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہنگو آصف بہادر نے خطاب میں کہا کہ کے پی کے پولیس کے جوان فرائض کی انجام دہی کے لیے دن رات متحرک اور پر عزم ہیں، حکومتی رٹ کا معاملہ ہو یا جرائم کی روک تھام، ظالم کی سرکوبی ہو یا مظلوم کی دادرسی، شر پسندی کا راستہ روکنا ہو یا ملک و قوم کے دشمنوں کے مزموم عزائم خاک میں ملانے ہوں۔ہمارا ایک ایک جوان ان عظیم مقاصد کے لیے ہمہ وقت تیار اور شہادت کے جزبے سے سر شار ہے۔
ڈی پی او آصف بہادر نے کہا کہ پولیس شہداء محکمے کا فخر ہیں اور ہم ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فرائض انجام دینے کا مصمم عزم رکھتے ہیں۔ انہوں نےشہداء کے لواحقین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے عزم کو بھی دہرایا۔
تقریب سے امن کمیٹی کے ممبران حسن خان اور ملک عرفان نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ملک بھر میں جو امن، مذہبی ہم اہنگی کی فضا قائم ہے اس کے پیچھے پولیس شہداء کا لہو ہے۔انہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ ہنگو پولیس کے ساتھ مل کر ہنگو کے امن کو مزید مستحکم بنائیں گے۔
تقریب میں بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا اور پولیس شہداء کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ بعد اذاں واک کا بھی انعقاد کیا گیا جبکہ تقریب سے قبل ڈی پی او ہنگو آصف بہادر اور ڈی او ایف سی ہنگو آیاز حسین نے یادگار شہداء پرسلامی دی، پھول چڑھائے اورشہداء کےایصال ثواب اوربلنددرجات کیلئے دعا بھی کی گئی۔
تقریب میں صحافیوں، امن کمیٹی کے ممبران ظہیر حسین، ایس پی انوسٹی گیشن ارشد محمود ، ڈی او ایف سی آیاز احمد، ڈی ایس پی عظمت خان، ڈی ایس پی آصف شریف، آر آئی نبی خان، ایل او شمیم خان ودیگر پولیس افسران بھی شریک تھے۔