رینالہ خورد،05 اگست(اےپی پی):سماجی شخصیت پیر سید ندیم جعفری نے کہا ہے کہ شہداء پولیس ہمارے ماتھے کاجھومرہ ہیں، وطن عزیز کے لئے ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔
ان خیالات کا اظہار سماجی شخصیت پیر سید ندیم جعفری نے یوم شہداء پولیس کے موقع پرالخدمت ویلفیئر کونسل رینالہ خورد کے آفس میں پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں شہداء کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کے لئے لواحقین اور وطن عزیز کی خوشحالی، ترقی ، بہتری ، استحکام اور امن و امان کے لئے خصوصی طور پر دعا کی گئی۔
سماجی شخصیت پیر سید ندیم جعفری نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی شہادتیں ہمارے لیے باعث فخر ہیں، ان کی لازوال قربانیوں پرانہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
اس موقع پر سیاسی سماجی کاروباری و صحافتی شخصیات نے شرکت کی۔ آخر میں شہداکے درجات کی بلندی کے لیے دعاکی گئی۔











