لاہور،7 اگست ( اے پی پی ): صوبائی وزیر راجہ بشارت کی زیر صدارت محکمہ داخلہ پنجاب سول سیکرٹریٹ میں کیبنٹ سب کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کا اجلاس اتوار کو یہاں منعقد ہوا ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے اجلاس کو محرم الحرام کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔ ویڈیو لنک پر موجود تمام ڈویژنل کمشنرز اور ریجنل پولیس آفیسران نے متعلقہ ڈویژن میں کیے گئے سیکورٹی انتظامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر راجہ بشارت نے کہا کہ کمشنرز اور ریجنل پولیس آفیسرز جلوس کے راستوں پر سیکورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں ،جلوس کے مقررہ راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں میں مزید اضافہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مختلف اضلاع کا دورہ بھی کریں گے۔
اجلاس میں وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر، وزیر برائے ٹرانسپورٹ منیب سلطان چیمہ چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کیپٹن ریٹائرڈ اسد اللہ آئی جی پنجاب ،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ، سی سی پی او لاہور اور ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سیکورٹی بھی موجود تھے۔