لاہور11 اگست ( اے پی پی ) استحکام وطن کے لیے محراب و منبر مستعد ہے،اسلام اور نظریہ پاکستان کی حفاظت وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے۔ پاکستان اسلام کا قلعہ اورشہدا کی امانت ہے۔ علمأ اور صاحبانِ مسند ارشاد، دفاع پاکستان کے لیے کلیدی کردار ادا کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ علماء ومشائخ دفاع وطن کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔مساجد اور دینی و علمی ادارے ا سلامی سوسائٹی کا “نیو کلس”ہے، ا س کی افادیت اور اہمیت ہر دور میں مسلمہ رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے جشن آزادی کے سلسلہ میں، ہجویری ہال، داتاؒ دربار میں منعقدہ ” پروگرام ذہنی آزمائش بسلسلہ تقریب ڈائمنڈ جوبلی پاکستان” سے کیا۔ اس موقع پر جامعہ ہجویریہ کے طلباء کے مابین پروگرام ذہنی آزمائش کے موضوع پر “کوئز پروگرام ” کا اہتمام ہوا، جس میں جامعہ ہجویریہ کے شعبہ دورہ حدیث، تخصص الفقعہ، موقوف علیہ اور شعبہ تخفیظ القرآن پر مشتمل ٹیموں نے حصہ لیا۔ مقابلہ میں محمد ذیشان نے پہلی، محمد حسنین نے دوسری اور محمد تنویر نے تیسر ی پوزیشن حاصل کی۔ پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباء میں محکمہ اوقاف ومذہبی امور پنجاب کی طرف سے انعامات اور اعزازات بھی تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں خطیب داتاؒ دربار مفتی محمد رمضان سیالوی، ایڈ منسٹریٹر داتاؒ دربار شاہد حمید ورک،پرنسپل جامعہ ہجویریہ صاحبزادہ بدر الزمان قادری،منیجر داتاؒ دربار شیخ جمیل احمداور جامعہ ہجویریہ کے اساتذہ و طلباء سمیت دیگر مشائخ و عظام بھی شریک ہوئے۔











