اوکاڑہ،13اگست(اے پی پی ): ملک بھر کی طرح ڈسٹرکٹ پبلک سکول اینڈ کالج اوکاڑہ میں بھی وطن عزیز کی 75ویں سالگرہ(ڈائمنڈ جوبلی) جشن آزادی کی تقریبات کا انعقاد ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز چیئرمین بورڈ آف گورنر ڈی پی ایس کالج کی ہدایات پر پرنسپل میڈم ثروت حسن کی رہنمائی میں کیا گیا۔
تقریب میں نعت و قرات، ملی نغمے، مضمون نویسی اردو اور انگریزی،تقاریر، کوئز اور فن و دستکاری اور کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے گئے جن میں طلباء وطالبات نے گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا، مقابلہ جات میں حصہ لینے والوں میں انعامات کی تقسیم کے لئے ڈی پی ایس گرلز سیکشن میں پروقارتقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ طاہر امین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اورجشن آزادی اور ڈائمنڈ جوبلی کے سلسلہ میں منعقدہ خصوصی پروگرام میں ننھے منے بچوں اور بچیوں نے بڑے جوش وخروش سے ٹیبلوزاور ملی ترانے پیش کئے۔
مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ طاہر امین نے بچوں اور بچیوں کو انعامات سے نوازا اور تقریب کی کامیابی پر پرنسپل ثروت حسن اور تمام سٹاف کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈی پی ایس اینڈ کالج کے تمام شعبوں کے چمکتے ستاروں نے ثابت کر دیا کہ یہی بچے ملک پاکستان کا نام روشن کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈی پی ایس اینڈ کالج ضلع کا سب سے بڑا اور معروف ادارہ ہے جس نے ہمیشہ نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں میں ناقابل یقین نتائج دکھا کر اپنی انفرادیت کو برقرار رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈی پی ایس کالج اوکاڑہ کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ اس کے طلبہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئےپورے ملک (پاکستان) میں اعلیٰ عہدوں پرفرائض سرانجام دیتے ہیں۔
مہمان خصوصی نے طلباء کو قائد کی تعلیمات اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط پر عمل کرنے کی تلقین کی۔اس پروگرام میں کمپئرنگ کے فرائض میڈم خدیجہ نے ادا کئے۔
پروگرام میں بوائز کالج سیکشن ہیڈنعیم اشرف، سکول سیکشن ہیڈ عبدالرؤف جبکہ گرلز کالج سیکشن ہیڈمیڈم شازیہ عامر، گرلزسکول سیکشن ہیڈ میڈم روبینہ تسنیم، جونئیر سکول سیکشن ہیڈ میڈم عظمیٰ رشید،پری سکول سیکشن ہیڈمیڈم عکاشہ ارم اور دیگر سٹاف نے بھی پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے سلسلہ میں منعقدہ پروگرام میں شرکت کی۔