گلگت،14 اگست(اے پی پی):گلگت میں خصوصی افراد کے زیر اہتمام جشن آزادی پاکستان کے موقع پر گلگت چنار باغ سے سینٹرل پریس کلب گلگت تک “امن ریلی” نکالی گئی ۔اس ریلی میں گلگت بلتستان بھر سے سپیشل افراد ، بائی سکاؤٹس تنظیموں،گلگت کلچر اینڈ آرٹس کونسل، انجمن تاجران گلگت،پولو ایسوسی ایشن گلگت کے عہدیداران سمت سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی ہے۔
شرکاء ریلی نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پاکستان زندہ باد،ہم سب کی جان،پہچان اور ایمان پاکستان اور گلگت بلتستان میں امن سب کی ضرورت اور امن ہی سے ترقی ممکن ہے کے نعرے درج تھے۔
اس موقع پر خصوصی افراد کے سرکردہ رہنما امجد ندیم نے اے پی پی سی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی کے اس پر مسرت موقع پر سپیشل افراد کی طرف سے پوری پاکستانی قوم کو بہت بہت مبارک باد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے عظیم ہیروز کی دن رات محنت اور برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کی کی لاکھوں قربانیوں کا ثمر ہے،اس ملک کے تحفظ اور استحکام کے لیے ہماری سیکورٹی فورسز نے بےمثال قربانیاں دی ہیں جن پر ہم ان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
امجد ندیم نے کہا کہ گلگت بلتستان میں امن تمام مسالک کی بنیادی ضرورت ہے،امن کے بغیر ترقی کا خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ،اس لیے گلگت بلتستان کے باسیوں سے میری پر زور اپیل ہے کہ جشن آزادی پاکستان کے اس موقع پر سب ملکر اس عزم کا اظہار کریں کہ ہم نے دشمن کے آلہ کاروں کو بے نقاب کرنا ہے،اتحاد اور اتفاق سے رہنا ہے تاکہ وطن عزیز کا یہ خطہ مثالی امن کے ساتھ ترقی یافتہ خطہ کہلائے۔