برسلز؛پاکستانی سفارتخانہ میں 75ویں یوم آزادی کے موقع پرتقریب کا انعقاد،سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے قومی پرچم لہرایا

2

برسلز ،14اگست  (اے پی پی):  پاکستان کے    سفارتخانہ میں  پاکستان کی75ویں یوم آزادی کے موقع پرتقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے چانسری کی عمارت میں ملک کا قومی پرچم لہرایا۔

 اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ پاکستانی قیادت نے اپنے الگ الگ پیغامات میں بانیان پاکستان کی قربانیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے بانیان قوم کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے انتھک کوششیں کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر اپنے پیغام میں سفیرِ پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے قائداعظم محمد علی جناح اور  علامہ محمد اقبال کے وژن کی اہمیت پر زور دیا جنہوں نے پاکستان کو ایک ترقی یافتہ، اعتدال پسند اور جمہوری ملک بنانے کا تصور دیا۔ اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سفیر نے بیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن کوششیں کرنے کا پختہ عزم کریں۔

 آزادی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر، سفیرِ پاکستان نے بیلجیئم پوسٹ (بی پوسٹ) کی طرف سے جاری کیے گئے خصوصی یادگاری ڈاک ٹکٹ کی نقاب کشائی کی۔ اس ڈاک ٹکٹ پر دونوں ممالک کے جھنڈوں کے ساتھ پاکستان کی 75ویں ڈائمنڈ جوبلی کا خصوصی لوگو بھی ہے۔ اس ڈاک ٹکٹ پر انگریزی، فرانسیسی اور فلیمش زبانوں میں “پاکستان کا 75 واں یوم آزادی” بھی لکھا ہوا ہے۔ ڈاک ٹکٹ تین زمروں میں جاری کیا گیا ہے، جس میں باقاعدہ، ترجیحی اور بین الاقوامی ترسیل شامل ہے۔

پاکستان کی سیاحت اور ثقافتی صلاحیت  کو اجاگر کرنے کے لیے ایک تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔ پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر روایتی پاکستانی ملبوسات پہنے بچوں کا فینسی ڈریس شو بھی منعقد کیا گیا جسے شرکا ءنے خوب سراہا۔ بیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ایک وسیع طبقے بشمول خواتین اور بچوں نے ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات میں شرکت کی۔