لاہور، 17اگست(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی زیرصدار محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اعلی سطح کااجلاس منعقد منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عمران سکندربلوچ،سپیشل سیکرٹریز، ایڈیشنل سیکرٹریز و دیگر افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اجلاس کے دوران گنگارام ہسپتال میں زیر تعمیر مدراینڈ چائلڈ بلاک، ڈی جی خان میں زیرتعمیرانسٹی ٹیوٹ کارڈیالوجی، نرسنگ کالجز کی اپ گریڈیشن ودیگر اقدامات کاجائزہ لیا۔ سیکرٹری صحت پنجاب عمران سکندربلوچ نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد کو مختلف ترقیاتی منصوبوں بارے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گنگارام ہسپتال لاہور میں زیر تعمیر 600 بستروں پر مشتمل مدراینڈ چائلڈ بلاک کوہرصورت مقررہ وقت پرمکمل کریں گے۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ ڈی جی خان میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو ستمبر میں فعال کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔ گنگارام ہسپتال میں زیر تعمیر مدر اینڈ چائلڈ بلاک پرجاری پیش رفت کی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں بلڈ بینکوں کو مکمل فعال کیاجائے گا۔ پنجاب کی عوام کی سہولت کی خاطر صحت سہولت کارڈ کیلئے مزید سرکاری ونجی ہسپتالوں کو پینل کیا جارہاہے۔ اجلاس میں پنجاب کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں کورونااور ڈینگی کے مریضوں کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب کے ٹیچنگ سرکاری ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کیاجائے گا۔