لاہور،18 اگست ( اے پی پی ): صوبائی وزیر ہاؤسنگ،واربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت جمعرات کو یہاں ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ میں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں محکمے کے زیر اہتمام جاری ترقیاتی سکیموں پرعمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر نے مفاد عامہ کی سکیموں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے کی لاگت سے بڑے شہروں کے انفراسٹرکچر کو بہتر کیا جارہا ہے۔ریلوے سٹیشن سے شیرانوالہ گیٹ فلائی اوور مکمل ہوچکا، گلاب دیوی ہسپتال کے سامنے انڈر پاس بنایا گیا ہے۔ شہر کے دیگر مقامات پر بھی فلائی اوور، روڈز اور انڈر پاسز بنائے جارہے ہیں جبکہ لاہور بریج فیروز پور روڈ پر اضافی لینز کی تعمیر کا کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت کم آمدنی والے افراد کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے پر کام کی رفتار تیز کی جائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میں مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذیعے منصوبوں کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے،ترقیاتی سکیموں کے لئے مختص فنڈز کے سو فیصد استعمال کو یقینی بنایا جائے۔مقررہ اہداف کے حصول کے لئے متعلقہ ادارے محنت اور جانفشانی سے کام کریں۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی میں سستی اور کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ادارے عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر کام کریں،مفادعامہ سکیموں میں محنت اور لگن سے کام کرنے والے ہی میری ٹیم کا حصہ رہیں گے۔اداروں میں اپنے مسائل کے حل کے لئے آنے والے لوگوں سے حسن سلوک سے پیش آیا جائے ترقیاتی اداروں کے سربراہان نے جاری سکیموں پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ شکیل احمد اور ترقیاتی اداروں کے سربراہان و متعلقہ افسران نے شرکت کی۔