میرپورخاص،18اگست ( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زین العابدین نے ضلع میرپورخاص کے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ حالیہ بارشوں میں متاثرہ علاقوں میں امدادی اشیاء کی شدید ضرورت ہے لہذ اپنی استطاعت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کیساتھ متاثرین کی مدد کریں۔
انہوں نے کہا کہ مین سم ڈرینز کے ذریعے بارش کے پانی کو ٹھکانے لگانے کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور پانی کی جلد از جلد نکاسی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ڈسپوزل سٹیشن مسلسل چلائے جا رہے ہیں۔ تاہم، کوٹ غلام محمد، سندھڑی، شجاع آباد، اور ڈگری کے نشیبی دیہی علاقوں میں ہمارے بھائی شدید متاثر ہیں اور انہیں فوری امداد کی ضرورت ہے۔ ہم نے پی ڈی ایم اے سے درخواست کی ہے کہ وہ ہمیں متاثرین کے لیے امدادی سامان فراہم کرے۔
ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زین العابدین نے کہاکہ میں مقامی مخیر حضرات، زمینداروں، این جی اوز، اور سول سوسائٹی کے ممبر کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آگے آئیں اور متاثرین کو راشن بیگ، مچھر دانی، کمبل، پینے کا پانی، ادویات وغیرہ فراہم کریں تاکہ وہ محفوظ رہائش کا احساس کریں۔ میں ان علاقوں اور ریلیف کیمپوں کی فہرست شیئر کروں گا جہاں سے امداد سیلاب متاثرین کو منتقل کیا جا رہا ہے۔ آپ سب سے گزارش ہے کہ براہ کرم امدادی کیمپوں اور سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں تاکہ آپ جو بھی مدد کر سکتے ہیں فراہم کریں۔











