کوئٹہ،24اگست(اے پی پی): محکمہ آبپاشی حکومت بلوچستان نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے کرخسہ ڈیم کے ٹوٹنے کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔
محکمہ آبپاشی حکومت بلوچستان نے سینئر صحافی حامد میر کے جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں کوئٹہ کے کرخسہ ڈیم کے ٹوٹنے کے خدشہ کے حوالے سے کی جانے والی گفتگو کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں سے ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک ضرور بلند ہوئی ہے تاہم اضافی پانی کا اخراج ہو رہا ہے اور ڈیم کے ٹوٹنے یا دراڑیں پڑنے کی اطلاعات درست نہیں ہیں،محکمہ کی ٹیم مشینری کے ساتھ مستقل طور پر ڈیم پر تعینات ہے جو مسلسل ڈیم کی نگرانی کر رہی ہیں محکمہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ڈیم کے ٹوٹنے کا تاحال کوئی خطرہ نہیں۔