حیدرآباد، 24 اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر انجنیئر خرم دستگیر خان نے حیسکو انتظامیہ کو ریکوری بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیسکو کی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے، صارفین کی شکایات فوری طور پر حل کیے جائیں اور نئے بجلی کنیکشن دیئے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں واپڈا حیسکو ہیڈ کوارٹر کے دورہ کے دوران کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی نظر میں ملازمین کی حفاظت اولین ترجیح ہے، موجودہ ملازمین کی لیے حفاظتی اقدامات کے ساتھ ساتھ ادارے میں ملازمین کی کمی کو جلد پورا کرنے کی کوشش کی جائے۔
حیسکو چیف نور احمد سومرو نے وفاقی وزیر کو حیسکو کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی آگاہی دی۔حیسکو چیف نے وفاقی وزیر کو حیسکو کے نیٹ ورک، مون سون کی بارشوں کے باوجود بجلی کی فراہمی، ریکوری، عملہ کی کمی و دیگر مسائل پر تفصیلی آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ مالی سال کے دوران ایک ارب سے زیادہ ریکارڈ ریکوری کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس حیسکو افسران کے ساتھ تعاون نہیں کر رہی اور بجلی چوروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے میں تاخیری حربے استعمال کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ادارے کے پاس 40356 ٹرانسفارمر موجود ہیں جبکہ بارش کے باعث گرڈ اسٹیشنس میں پانی داخل ہو گیا ہے جسے نکالنے اور بجلی کی فراہمی بحال رکھنے کی ہرممکن کوشش کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ صارفین کے مسائل کے حل کے لئے ڈجیٹل ون ونڈو کسٹمر سینٹر بنائے جا رہے ہیں، جس میں دو سینٹر فنکشنل ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر کے ساتھ امجد حفیظ، سلمان قیصر، نواز لیگ کے صوبائی رہنما شاھ محمد شاھ و دیگر رہنما اور حیسکو کے افسران بھی موجود تھے۔