لاہور، 24 اگست(اے پی پی): – وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ وزارتی کمیٹی کا اجلاس منعقدہوا،اجلاس میں راجن پور،تونسہ،ڈیرہ غازی خان میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیاگیا۔وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے چیف سیکرٹری کامران افضل کوآج ہی سیلاب متاثرہ علاقوں میں جانے کی ہدایت کی اور کہاکہ وہ متاثرین کی بحالی کے کاموں کی خود نگرانی کریں۔وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کو مزید تیز کیا جائے اور تمام ادارے یکسو ہوکر متاثرین کی مدد کریں۔انہوں نے کہاکہ کوہ سلیمان میں شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں غیر معمولی پانی آیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں پنجاب حکومت اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔ اجلاس میں سیلاب وبارشوں سے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے مالی امداد بڑھانے کا فیصلہ کیاگیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے مالی امدا د میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔انہوں نے کہاکہ گھروں،فصلوں اورمال مویشی کے نقصانات کا ازالہ کریں گے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ امدادی کیمپوں میں لوگوں کو بروقت کھانا پہنچایا جائے اورامدادی کیمپوں میں موجود افراد کیلئے خشک راشن اورفوڈ ہیمپرزکی فراہمی یقینی بنائی جائے۔متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام کیلئے میڈیکل کیمپس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اورمحکمہ لائیوسٹاک جانوروں کے لئے چارے کا وافرانتظام کرے۔ متاثرین کو امدادی کیمپوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔اجلاس میں صوبائی وزراء راجہ محمد بشارت،سید عباس علی شاہ،سردار آصف نکئی،علی افضل ساہی، ڈاکٹر اختر ملک، بریگیڈئر(ر)اعجاز شاہ، چیف سیکرٹری کامران افضل اورمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔