چین نے ہمیشہ مشکل اور ضرورت کی گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال کا سیلاب متاثرین کیلئے عطیات کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب

10

اسلام آباد۔25اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے چینی امداد کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین دوستی مشکل کی ہر گھڑی اور آزمائش پر پوری اتری ہے، حالیہ غیر معولی بارشیں موسمیاتی تبدیلی کا نتیجہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں سیلاب متاثرین کے لئے عطیات کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چینی سفیر نونگ رانگ بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کا شمار دنیا میں کم ماحولیاتی آلودگی پیدا کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے جبکہ ہم دنیا میں ماحولیاتی آلودگی سے متاثر ہونے والے دس بڑے ملکوں میں شامل ہیں، حالیہ برسوں میں سامنے آنے والے اعداد و شمار غیر معمولی ہیں، گزشتہ تیس سالوں کے دوران سندھ میں معمول سے 400 فیصد زیادہ بارشیں ہوئی ہیں، اسی طرح بلوچستان میں بھی 370 فیصد زیادہ بارشیں ہوئی ہیں لیکن اہم بات یہ ہے کہ یہ بارشیں ایسے علاقوں میں ہوئی ہیں جہاں پہلے کم یا معمول کی بارشیں ہوتی تھیں، ان علاقوں میں جو انفراسٹرکچر اور آبادیاں موجود ہیں وہ کم یا معمول کی بارشوں کے مطابق تھیں لیکن شدید بارشوں اور سیلاب سے سندھ اور بلوچستان کے علاقے بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور ایسی تباہی ہوئی ہے جو پہلے دیکھنے میں نہیں آئی۔ یہ پاکستان کے لئے بہت بڑا بحران ہے، ہم چینی بھائیوں کے شکرگزار ہیں جنہوں نے پاکستانی قوم کے دکھ درد کو محسوس کیا اور مشکل کی اس گھڑی میں مدد کے لئے سامنے آئے، دوست ایسے ہی ہوتے ہیں، چین نے ہمیشہ مشکل اور ضرورت کی گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے خواہ وہ کوئی اقتصادی مشکلات میں پاکستان کی مدد کرنے کا معاملہ ہو یا سیلاب اور قدرتی آفت، پاکستان کو چین سے اپنی دوستی پر فخر ہے، چینی کمپنیاں پاکستان میں پاک چین تعلقات کو مضبوط بنانے اور پاکستان کی تعمیر میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، پاک چین اقتصادی راہداری پر کام کرنے والوں نے پاکستان کی بڑی خدمت کی ہے۔ وفاقی وزیر نے اپنے ملک اور خاندانوں کو چھوڑ کر پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ وہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، ہم ان کی خدمات کی قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی اس قدرتی آفت اور مشکل میں بھی چینی کمپنیوں نے اپنی کارپوریٹ سوشل ذمہ داری ادا کی ہے اور وزیراعظم کے فنڈ میں 15 ملین کا عطیہ دیا ہے، چین کی طرف سے 25 ہزار خیموں کی فراہمی پر بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جس سے کھلے آسمان کے نیچے زندگی گزارنے والے سیلاب متاثرین کی زندگی آسان ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چین کی ہلال احمر نے تین لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے، ہم ان کے بھی شکر گزار ہیں۔