آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کا سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کا دورہ، صوبہ بھر میں جاری سی ٹی ڈی کے آپریشنز اور کارروائیوں بارے بریفنگ لی

13

لاہور، 25 اگست ( اے پی پی ): آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کا سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز پنجاب کا دورہ ، اہم اجلاس کی صدارت کی۔ایڈیشل آئی جی سی ٹی ڈی عمران محمود نے آئی جی پنجاب کو صوبہ بھر میں جاری سی ٹی ڈی کے آپریشنز اور کارروائیوں بارے بریفنگ دی۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے  آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور سہولیات سے لیس سی ٹی ڈی پنجاب پولیس کا بہترین ونگ ہے،شر پسند عناصر اور انتہا پسندوں کے خلاف سی ٹی ڈی کا کردار انتہائی اہم ہے، کالعدم تنظیموں اور انکے سہولت کاروں و فنانسرز کی مئوثر نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے وضع کردہ قوانین پر عمل درآمد کرتے ہوئے انتہا پسند عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جائے،مذہبی منافرت پر مبنی تقاریر اور مواد کی نشر و اشاعت کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس اپنائیں ،صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے میں سی ٹی ڈی کا کردار اور قربانیاں قابل ستائش ہیں ۔ سی ٹی ڈی میں افسران کی تعیناتی کے لیے مدت کو فکس کرنے پر غور کیا جائے گا،سی ٹی ڈی کو نئے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے مزید وسائل کی فراہمی اور عملہ کی کمی کو جلد پورا کیا جائے گا۔

 آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے کہا کہ آر پی اوز ، ڈی پی اوز  سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ اور متعلقہ اداروں سے کوارڈی نیشن کو مزید بہتر بنائیں۔سی ٹی ڈی پنجاب سوشل میڈیا کے ذریعے سائبر ٹیرازم، فرقہ واریت اور مذہبی منافرت پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں ۔

آئی جی پنجاب کو سی ٹی ڈی حکام نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ سی ٹی ڈی نے 1 لاکھ 3 ہزار سے زائد ممنوعہ لنکس و سائٹس کو پی ٹی اے کو رپورٹ کیا ہے،اب تک 74ہزار سے زائد ایسے لنکس و سائٹس کو بند کروایا جا چکا ہے۔

 آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور سٹاف کی ورکنگ کا جائزہ بھی لیا۔