لاہور،25اگست ( اے پی پی ): صوبائی وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کا86واں بورڈ اجلاس ہوا۔ پھاٹا کے آفس میں منعقدہ اجلاس میں تین نئی کم لاگت ہاؤسنگ سکیموں کے منظوری دی گئی۔منظور کی گئی سکیموں میں کیمبلپور گرینزاٹک، الرشید گارڈن گوجرانوالہ اور النور گارڈن ریزیڈینشیاسانگلہ ہل شامل ہیں۔ہر ہاؤسنگ سکیم میں 20فیصد کوٹہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے لئے مختص ہے۔ اجلاس میں پھاٹا کے ملازمین کے پنشن رولز بنانے اور دیگر معاملات کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ رہائشی سکیموں کو تیزی سے آگے بڑھانے کیلئے ڈیویلپرز کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں، رشوت لیکر فائل چلانے والوں کی میری ٹیم میں کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ حکومت کی پہلی ترجیح ہے کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ ہاؤسنگ سکیمیں مکمل کرنا چاہتا ہوں۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پھاٹا ہاؤسنگ سکیموں پر کام کرنے والے ڈیویلپرز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے، ہاؤسنگ سکیموں پر عمل درآمد کے لئے مانیٹرنگ کمیٹی کی تشکیل دی جائے گی۔
ڈی جی پھاٹا خالد نذیر وٹو، زاہد جاوید راجہ، نوید اختر اشرف، اکبر شیخ دیگر بورڈ ممبران اور ڈیویلپرز نےاجلاس میں شرکت کی۔











