ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں پر قوم کو فخر ہے، ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی کا اعلان کرتا ہوں؛ وزیراعظم محمد شہباز شریف

9

اسلام آباد،25اگست  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے محکمانہ کھیلوں پر پابندی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دولت مشترکہ اور اسلامی یکجہتی کھیلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں نے میڈلز جیت کر قوم کا نام روشن اور سبز ہلالی پرچم سربلند کیا ہے، ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں پر قوم کو فخر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیراعظم ہائوس میں دولت مشترکہ اور اسلامی یکجہتی کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے دولت مشترکہ اور اسلامی یکجہتی کھیلوں میں جس طریقہ سے محنت کرکے شاندار کارکردگی دکھائی ہے اس سے ملک کا نام روشن ہوا ہے اور سبز ہلالی پرچم دنیا میں سربلند ہوا ہے، یہ کامیابیاں تمام کھلاڑیوں کے والدین کی دعائوں، اساتذہ اور کوچز کی محنت، ان کی اپنی کھیلوں سے لگن اور دن رات محنت کا نتیجہ ہے، ملک و قوم کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں پر پوری قوم کو فخر ہے اور پاکستان کے 22 کروڑ عوام انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پورا یقین ہے کہ ہمارے کھلاڑی کھیل کے میدان میں آئندہ بھی اسی طرح کامیابیوں کا سفر جاری رکھیں گے اور اس سے ہمارے دیگر ہونہار کھلاڑیوں کی بھی حوصلہ افزائی ہو گی۔