وزیر روینیو سندھ مخدوم محبوب الزماں کی وزیراعظم پاکستان سے صوبہ سندھ کا دورہ کرکے بارشوں کی تباہ کاریووں کا ذاتی طور پر معائنہ کرنے کی اپیل

11

مٹیاری 25 اگست (اے پی پی):  وزیر روینیو سندھ مخدوم محبوب الزماں نے وزیراعظم پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ صوبہ سندھ کا دورہ کرکے بارشوں کی تباہکاروں کا ذاتی طور پر معائنہ کریں اور نیشنل ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے حکام کو بھی ساتھ میں لائیں تاکہ متاثرین کی بلاتاخیر امداد کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پورے صوبہ سندھ میں بارشوں نے اتنی تباہی مچائی ہے کہ صوبائی حکومت کے پاس اتنے وسائل ہی نہیں جو متاثرین کی مدد کی جاسکے اس کے باوجود حکومت سندھ کی جانب سے ریسکیو اور ریلیف کی سرگرمیاں جنگی بنیادوں پر جاری ہیں۔ صوبائی وزیر نے ضلع مٹیاری کے لئے ابتدائی اسپیشل پیکیج کے تحت 1000 راشن بیگ اور 700 خیموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریلیف کی یہ اشیاء ضلعی انتطامیہ کو پہلے ملنے والی اشیاء سے الگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے سندھ کی طرح مٹیاری میں بھی لاکھوں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ کے ساتھ مویشی بھی کثیر تعداد میں ہلاک ہوگئے ہیں جس کا سروے کرواکے کاشتکاروں کو جامع ریلیف پیکیج دیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر آفیس مٹیاری میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں سے متعلق ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر روینیو سندھ نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ سندھ میں تباہ کن بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹنگ کریں تاکہ متعلقہ قومی اور عالمی ادارے بھی متاثرین کی بحالی کے لئے میدان میں آئیں۔ ایک سوال پر وزیر روینیو سندھ نے کہا کہ متاثرین کا احتجاج کرنا ان کا بنیادی حق ہے کیونکہ انتظامیہ کے پاس اس آفت سے نمٹنے کے لئے وسائل کم پڑگئے ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو بلاتفریق متاثرین کی دن رات امداد کرنے کے احکامات دیئے اور واضح کیا کہ اگر کہیں پر بھی غفلت ہوئی تو ایکشن لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عام حالات میں اسپتالوں کی حالت خراب ہوتی ہے تاہم گذشتہ روز اچانک دورے کے دوران تعلقہ اسپتال ہالا میں صورتحال تسلی بخش تھی۔ ڈاکٹرز کی غیر حاضری سے متعلق ایک سوال پر وزیر روینیو سندھ نے واضح کیا کہ اگر کوئی ڈاکٹر مسلسل غیر حاضر ہے اور اپنے فرائض دیانتداری سے ادا نہیں کررہا تو ان کو ہٹانے اور شوکاز دینے کے لئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر کو احکامات دے دیئے ہیں۔ ایک سوال پر وزیر روینیو سندھ مخدوم محبوب الزماں نے کہا کہ نکاسی آب کی قدرتی گذرگاہوں پر جن لوگوں نے قبضہ کیا ہے ان کے خلاف اینٹی انکروچمینٹ قوانین کے تحت ایکشن ہوگا، ڈپٹی کمشنر فی الفور اس حوالے سے رپورٹ پیش کریں۔ وزیر روینیو سندھ نے کہا کہ گذشتہ رات مٹیاری، ہالا اور بھٹ شاہ کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا ہے، تباہ کن بارشوں کے سبب بھٹ شاہ شدید متاثر ہے، سعیدآباد کے علائقے بھلیڈنو کاکا، بکھر جمالی و دیگر علائقوں میں نزدیکی علائقوں سے پانی آرہا ہے جس کے باعث مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں اور سیلابی صورتحال ہے جس سے لوگوں کو بچانے کے لئے جامع پلان مرتب کیا جائے گا۔