اسلام آباد،26اگست (اے پی پی):وزیرِ اعظم شہباز شریف نےبجلی کے صارفین کی شکایات کے ازالہ کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کرتے ہوئے 200 یونٹ تک کے صارفین کے بلز کو 24 گھنٹے کے اندر کم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
یہ ہدایت وزیراعظم نے جمعہ کو اپنی زیرصدارت بجلی کے صارفین کے مسائل کے حل کیلئے اعلی سطح کے اجلاس میں کی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کے بجلی کے صارفین کیلئے اعلان کردہ ریلیف پیکیج پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ایک کروڑ 66 لاکھ صارفین کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دیئے گئے ریلیف کے تحت بلز کی تصحیح جاری ہے۔
وزیرِ اعظم نے ریلیف کے اقدامات پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے بجلی کے صارفین کی شکایات دور کرنے کیلئے اعلی سطح کی کمیٹی قائم کر دی۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ 200 یونٹ تک کے بجلی صارفین کے بلز میں اعلان کردہ ریلیف کو 24 گھنٹے میں شامل کیا جائےاور صارفین کے بلز کو کم کیا جائے۔ بجلی کے بلز کی تصحیح کیلئے ڈسکوز کا عملہ 24 گھنٹےکام کرے۔ انہوں نے کہا کہ بلز کی تصحیح کیلئے تمام عملہ کی چھٹیاں ختم کرکے اس کام کو فوری نمٹا کر مجھے رپورٹ پیش کی جائے،بلز جمع کروانے کیلئے بینکوں کو آئندہ دنوں میں کھلا رہنے کی ہدایت کی جائے۔











