حکومت حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کوششیں کررہی ہے؛ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ

8

سہیون، 29 اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاکہ حکومت حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کوششیں کررہی ہے اور  اس مشکل گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا جبکہ حکومت نے بارشیں/سیلاب زدگان کے فوری ریسکیو، رلیف اور بحالی کےلیئے ہر ضلع میں ایم این ایز اور ایم پی ایز کو فوکل پرسن نامزد کردیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں منچھر جھیل کے معائنے کے بعد میڈیا کے نمائندون سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دس روز سے وہ اور ان کے کابینہ ممبران مسلسل سندھ کے دورے پر ہیں جبکہ وہ ذاتی طور یہاں پر تین مرتبہ آچکے ہیں.

ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بلا سبب شگاف ڈالنے والے تاثر کو رد کرتےہوئے کہاکہ یہ ایک تیکنیکی مسئلہ ہوتا ہے جو کہ ٹیکنیکل لوگ ہی سمجھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پانی کے اخراج کا فیصلا ٹیکنیکل لوگ/انجنیئرز کو کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ لوگوں کی جان و مال کو بچایا جائے، اس وقت سندھ بھر میں حالات خراب ہیں اور ہماری اولین ترجیح ہے کہ لوگوں کی جان بچائیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اس وقت دریا کے دونوں اطراف دباؤ زیادہ ہے اور کل رات کو سپریو بند میں جو شگاف پڑا ہے اس سے جوہی شہر کو شدید خطرہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ منچھر جھیل کی سطح اس وقت 121 ہے جبکہ سال  2010 میں یہ سطح 118 سےاوور ہوگی تھی۔ انہوں نے کہا  کہ نیول چیف سے بات کی ہے اور جلد ہی پاکستان نیوی کے دو ہیلی کاپٹر دادو پہنچ رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اس وقت میں  جہاں کھڑا ہوں (منچھرجھیل) یہاں میرا گاؤں ہے، حکومت اب تک ایک لاکھ 5 ہزار خیمے تقسیم کر چکی ہے مگر ضرورت بہت ہے،  دنیا بھر کے ممالک سے بات کی ہے، کل پاکستان کو ترکی سے کچھ امداد ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ گو کہ حکومت سندھ کی جانب سے متاثرین میں امداد تقسیم کی جا رہی ہے تاہم ضروریات بہت زیادہ ہیں۔

 وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ قمبر، شہداد کوٹ، لاڑکانہ سمیت ہر شہر میں پانی ہی پانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  سندھ حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو ساڈے 7 لاکھ راشن بیگس کا آرڈردیا ہے۔انہوں نےلوگوں کو یقین دلایا کہ  حکومت اس مشکل وقت میں عوام کے ساتھ ہے اور حکومتی نمائندے عوام کےموجود رہیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کے سندھ کے دورے کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پارٹی چیئرمن بلاول بھٹو زرداری بھی اپنا یورپ کا دورہ منسوخ کر کے سندھ کے صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کو محکمہ آبپاشی کے ایس ای شفقت نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ  گڈو بیراج پر 500944 کیوسک پانی کا بہاؤ ہے۔سکھر بیراج پر 530750 کیوسک پانی کا بہاؤ ہے۔ وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ جتوئی گوٹھ کے مقام پر سپریو بند پر شگاف پڑا تھا جبک ایف پی بند کو چکی کے مقام پر 4 شگاف پڑے ہیں۔سپریو بند میں 2 شگاف آر ڈی 12 اور ڈر ڈی 52 پر میہڑ اور خیرپورناتھن شاہ کے سامنے پڑے ہیں. جوہی برانچ کو آر ڈی 82 پر کٹ لگا کر پانی کا اخراج ڈائیورٹ کیا گیا ہے۔

  وزیراعلیٰ سندھ نے دی گئی معلومات پر افسران کو ہدایت کی کہ لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ  امید ہے اگلے 8 دنوں میں منچھر میں پانی کی سطح کم ہوگی۔وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ انہیں ایسے فیصلے کرنے ہیں جس سے شہر ڈوبنے سے بچیں۔

 قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سپریو بند کا  فضائی جائزہ بھی لیا۔