اٹک؛ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹرحسن وقار چیمہ کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حضرو کادورہ، طبی سہولیات اور کارکردگی کے بارے بریفنگ لی

10

اٹک،29 اگست (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹرحسن وقار چیمہ نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حضرو کادورہ کیا،ایم ایس ڈاکٹر شوکت محمود نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال میں دی جانی والی طبی سہولیات اور کارکردگی بارے بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹرز کی حاضری، مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات، ڈینگی وارڈ، صفائی ستھرائی، ڈائلاسز سنٹر اور لیبارٹری کا جائزہ لیا جس پر انہوں نے لیبارٹری اور ہسپتال کے اندر صفائی انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا تاہم بیک یارڈ ایریا میں پانی کھڑا ہونے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔

  ڈی سی نے ہسپتال میں پینے کیلئے پانی ہسپتال کے اندر رکھنے کی ہدایات کیں، اس موقع پر ڈاکٹرحسن وقار چیمہ نے مریضوں سے بھی ملاقات کی اور سہولیات  کے بارے میں  پوچھا، زاہد میرنامی شخص نے ڈی سی کو بتایا کہ ایمرجنسی میں مریضوں کو سہولیات و ادویات دستیاب نہیں جس وجہ سے حادثات یا لڑائی جھگڑے کی صورت میں مریض کو اٹک راولپنڈی ریفر کر دیا جاتا ہے، ایمرجنسی میں رات کی شفٹ میں تین ڈاکٹرز کی ڈیوٹی ہوتی ہے لیکن 12بجے کے بعد ایک ڈاکٹر ہی موجود ہوتا ہے۔ انہوں نے ڈی سی کو بتایا کہ ہسپتال سے لاکھوں روپے تنخواہ وصول کرنے والے بااثر ڈاکٹرز آن کال ڈیوٹی لگا کر ہسپتال کی بجائے اپنے پرائیویٹ کلینک میں موجود ہوتے ہیں اور ڈیوٹی سے اکثر ڈاکٹرز غیر حاضر رہتے ہیں اور غفلت برتنے والے نااہل عملہ نے اپنے خلاف کوئی احتجاج ہونے یا آواز اٹھانے پر ایف آئی آر درج کرانے، او پی ڈی ا ور ایمرجنسی بند کرنے کیلئے یونین بنا لی ہے جو کہ غیر قانونی اقدام ہے جس پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹرحسن وقار چیمہ نے اے سی حضرو خالد ستی کو فوری انکوائری کرنے اور حالات رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کئے۔

 اس موقع پر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر اسفند یار کے خلاف بھی شکایات سامنے آئیں اور ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیا کہ وہ دوران ڈیوٹی ٹی ایچ کیو ہسپتال کے سامنے اپنا پرائیویٹ کلینک چلانے میں مصروف رہتے ہیں اور ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر سکتا جس پر ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر سے اس کی رپورٹ مانگ لی۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر زیر تعمیر ٹراما سنٹر گئے اور کنٹریکٹر و محکمہ بلڈنگ کے آفیسرز کو بہترین معیاری کام  کے ساتھ ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں، انہوں نے ہسپتال کی رہائشی کالونی کابھی دورہ کیا اور ناقص تعمیرات کا سختی سے نوٹس لیکر اے سی حضرو اور متعلقہ افسران سے رپورٹ طلب کر لی۔ ڈی سی اٹک نے کہا کہ بلڈنگ کو بنے ابھی تھوڑا ہی وقت ہوا ہے اور ایسے نظر آ رہی ہے جیسے کئی برس پرانی عمارت ہو۔ انہوں نے کہا کہ غیر معیاری کام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہیولیات فراہم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

اے سی حضرو خالد ستی، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر عبدالرشید خان، ڈپٹی ڈی ای او محمد افسر خان، ڈی ایس پی ملک اقبال، ایس ایچ او حضرو انوار الحق، چیف آفیسر ٹی ایم اے حضرو خان بادشاہ، محکمہ بلڈنگ اور محکمہ صحت کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔