اسلام آباد،31اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بجلی کی ترسیل کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز کو اپنے شہروں میں موجود رہنے اور اپنے نام اور نمبرز کے ساتھ عوام کی سہولت اور شکایات کے ازالہ کیلئے آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی ہے۔
بدھ کو وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے سے واپس اسلام آباد پہنچتے ہی ملک بھر میں بجلی، سڑکوں اور مواصلاتی نظام سے متعلق ایف ڈبلیو او و دیگر اداروں کا نقصانات اور بنیادی ڈھانچہ کی بحالی پر جاری کام کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس طلب کیا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں ایف ڈبلیو او اور متعلقہ وزارتوں کے حکام شریک ہوئے۔ اجلاس کو حالیہ صورتحال اور جاری بحالی کے کام پر پیشرفت سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔











