اوکاڑہ؛خطرے سے دوچار مچھلیوں کی مختلف اقسام کے تحفظ کے حوالے سے آگہی واک کا اہتمام

13

اوکاڑہ،31اگست ( اے پی پی): یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف فیشریز اینڈ ایکوا کلچر کی جانب سے خطرے سے دوچار مچھلیوں کی مختلف اقسام کے تحفظ کے حوالے سے ایک آگہی واک کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر واجد نے کہا کہ ایسی سرگرمیوں کا انعقاد بے حد ضروری ہے اور پاکستان میں پائی جانے والی مچھلیوں کی کچھ اقسام اس وقت ناپید ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں، لہذا  ان کے تحفظ کےلیے آگہی پھیلانے کی اشد ضرورت ہے۔

یونیورسٹی کے سٹی بلاک کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اینڈکوآرڈینیشن، ڈاکٹر سجاد سرور  نے واک کے شرکاء کے بات کرتے ہوئے  بتایا کہ پاکستان میں آبی حیات کے مختلف مساکن اس وقت پانی کی کمی کی وجہ سے ختم ہونے کے قریب ہیں اور اس سے کچھ اقسام کی مچھلیاں ناپید ہو سکتی ہیں۔

شعبہ زووالوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سلیم خان نے کہا کہ جنگلی و آبی حیات کے تحفظ کےلیے تعلیمی اداروں میں باقاعدگی سے سیمینارز منعقد کیے جانے چاہیں۔ شعبہ فشریز کے انچارج ڈاکٹر ماجد حسین نے بی ایس اور ایم فل کے طلباء کو تجویز دی کہ وہ ڈگری مکمل کرنے کے بعد نوکریاں ڈھونڈنے کی بجائے فش فارمنگ کا اپنا کاروبار شروع کریں۔ اسی شعبہ کی لیکچرار ڈاکٹر ندا عصمت نے واک اور اس طرح کی دیگر سرگرمیوں کے انعقاد پہ طلباء کی کاوشوں کو سراہا۔

اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عمرانہ عامر نے طلباء کو اس بات کی تلقین کی کہ وہ اپنی روزمرہ زندگی میں پلاسٹک میٹریل کے استعمال کو کم کریں تاکہ آبی آلودگی سے بچا جا سکے۔ شعبہ وائلڈ لائف کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر حرا فاطمہ نے پانی کے محتاط استعمال اور اس کو ضائع ہونے سے بچانے کےلیے تجاویز پیش کیں۔