پاک بحریہ کا دادؤ میں ریسکیو آپریشن، سیلابی پانی میں پھنسے 23 افراد کے نکال لیا گیا

59

اسلام آباد،04ستمبر(اے پی پی): پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخواہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک بحریہ کیجانب سے امدادی آپریشن جاری ہے۔ دادؤ کے علاقے میں سیلابی پانی میں گھرے افراد کے انخلاء کے لئے پاک بحریہ نے فوری طور پر دو ہوور کرافٹس بھی تعینات کر دیئے ہیں۔ ہوور کرافٹ نے خیر پور ناتھن شاہ کے گوٹھ احمد خان چانڈیو سے 23 محصور افراد کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

 ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ ہیلی کاپٹروں اور کشتیوں کی مدد سے بھی سیلاب زدہ علاقوں سے مقامی لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچا رہی ہے جبکہ پاک بحریہ کی امدادی ٹیمیں سیلاب متاثرین کو راشن، طبی امداد اور ادویات بھی مہیا کر رہی ہیں اور راجن پور، ڈیرہ اسماعیل خان، میر پور خاص، سکھر، سانگھڑ اور سجاول کے علاقوں میں بھی پاک بحریہ کا ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ مشکل میں گھرے ہم وطنوں کی مدد کے لئے ہمہ وقت تیار اور پر عزم ہے ۔