لاہور،06ستمبر(اے پی پی): سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کا 87واں بورڈ اجلاس منعقد ہوا۔ ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ میں منعقدہ اجلاس میں ایک نئی پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم کی منظوری دی گئی۔نئی ہاؤسنگ سکیم ”پریزم ٹاؤن“ تحصیل گوجر خان کے موضع فروال دولال میں بنے گی۔ پالیسی کے مطابق سکیم میں 20فیصد کوٹہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے لئے مختص ہے۔ کم لاگت ہاؤسنگ سکیموں کی مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنانا ہوگی۔
سنیئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ کم لاگت ہاؤسنگ سکیموں پرتیزی سے عملدارآمد کے لئے ایس ایم بی آر کے آفس میں فوکل پرسن مقررہ کیا جائے گا، کم لاگت ہاؤسنگ سکیموں کا مقصد بے گھر افراد کواپنی چھت کی فراہمی ہےاور کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ حکومت کی پہلی ترجیحی ہے،عام آدمی کو اپنی چھت کی فراہمی کی سکیموں میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی۔ ایڈیشنل سیکرٹری ہاؤسنگ عمر فاروق، ڈی جی پھاٹا خالد نذیر وٹو اور بورڈ ممبران و ڈیویلپرز نے اجلاس میں شرکت کی۔











