نئی نسل کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کے لئے شجر کاری مہم کو کامیاب بنانا ہے، سینئر صوبائی وزیر میاں محمد اسلم اقبال

10

لاہور، 7  ستمبر(اے پی پی): سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت 90 شاہراہ قائد اعظم پر اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں شجر کاری مہم کو بھر پور طریقے سے آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں کینال کے دونوں جانب دستیاب جگہوں پر سبزیاں اگانے کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا-

سینئر صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کے لئے شجر کاری مہم کو کامیاب بنانا ہے۔ شجر کاری مہم میں پرائیویٹ و سرکاری رہائشی کالونیوں، تعلیمی اداروں،ایون ہائے صنعت و تجارت اور صنعتوں کو شامل کیا جائے گا۔ شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں سے تجاوزات ہٹا کر یہاں خوبصورت پودے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ایل ای ڈی لگا کر روزانہ کی بنیاد پر لگائے گئے پودوں کا اندراج کیا جائے گا اور شہروں کی بڑی شاہراہوں پر زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں گے۔لاہور سے اسلام آباد جی ٹی روڈ کو دو ماہ کے اندر پودے لگا کر سرسبز بنایا جائے گا۔شجر کاری مہم کے دوران پانچ فٹ تک کے پودے لگائے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع شجر کاری مہم کے اہداف مقرر کر کے بھجوائیں۔عوام کو شجر کاری کی افادیت اور اہمیت سے آگاہ کرنے کے لئے بھر پور مہم چلائی جائے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں میں پودوں کی مفت تقسیم کے لئے مہم شروع کی جائے گی اورجیو ٹیگنگ کے ساتھ شجر کاری مہم آگے بڑھائی جائے گا۔ایم پی اے جہانزیب خان کھچی،ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ہاؤسنگ عمر فاروق، ڈی جی پی ایچ اے، ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ کمشنرز اور تمام پی ایچ ایز کے حکام ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔