چنیوٹ،07 ستمبر (اے پی پی ): عالمی یوم خواندگی کے سلسلہ میں لٹریسی ڈیپارٹمنٹ چنیوٹ کے زیر اہتمام ایک آگاہی واک اور سیمینار کا اہتما م کیا گیا، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر محمد فاروق رشید نے کی، آگاہی واک میں سی او ایجوکیشن ظفر عباس ریحان، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی ڈاکٹر روہینہ گل،دیگر ضلعی افسران، اساتذہ کرام، معلمات، طلباء و طالبات اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔
شرکاء نے یوم خواندگی کی آگاہی بارے پینافلیکس اور بینرز اٹھا رکھے تھے، بعد ازاں قائد اعظم اکیڈمی چنیوٹ میں سیمینار منعقد ہوا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر محمد فاروق نے کی۔سمینار میں خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے جو اسے ملنا چاہیے، پنجاب میں لٹریسی ریٹ 66فیصد ہے جبکہ ضلع چنیوٹ میں تقریباً 51فیصد ہے جو کہ بہت کم ہے۔ انکا مزید کہناتھا کہ ہمیں دیگر شعبوں کی طرح تعلیم پر بھی بھرپور توجہ دینی ہو گی۔
آخر میں ڈپٹی کمشنر محمد فاروق نے لٹریسی ڈیپارٹمنٹس کے سکولوں کے پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے جبکہ سی او ایجوکیشن ظفر عباس ریحان اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی ڈاکٹر روہینہ گل نے ڈپٹی کمشنر کو سوینئر پیش کی۔











