لاہور، 07 ستمبر(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے آئی ایم آر ایف (Implementation of Minority Rights Forum)کے زیراہتمام ”ایس پی (سستیاپرکاش) دیوان بہادر سنگھا ایوارڈ” کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادری کا بہت کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی تقاریر میں واضح الفاظ میں بارہا کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہوں گے ان کے ساتھ کسی قسم کا امتیازی سلوک نہیں برتا جائے گا انہیں مذہبی آزادی کے ساتھ اپنی زندگیاں گزارنے کا حق ہوگا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ آج پاکستان میں اقلیتیں جس قدر آزادی اور سکون سے زندگی گزار رہی ہیں یہ اس خطے میں بسنے والوں کے لئے ایک روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق اور ایک خاص مقام ہے جس کا ایک تاریخی پس منظر ہے، قیام پاکستان میں اقلیتوں نے اہم کردار ادا کیا ۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ پاکستان بنانے میں جن ہیروز نے اہم کردار ادا کیا ان میں ایس پی دیوان بہادر سنگھاکا نام قابل ذکر ہے جن کی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے ایس پی دیوان بہادر سنگھا کا یاد گاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے اپنے اقلیتی ممبرز کو ہمیشہ اہمیت دی ہے، سب سے پہلے مسلم لیگ ن کو یہ اعزاز حاصل ہوا کہ اقلیتی ایم پی اے کامران مائیکل کو وزیر خزانہ بنایا گیا اور پہلا بجٹ پیش کرنے کا بھی انہیں اعزاز حاصل ہوا۔انہوں نے کہا کہ یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ یہ ان لوگوں کو ایوارڈ دیئے جا رہے ہیں جنہوں نے مختلف شعبوں میں ملک کے لیے نمایاں خدمات سرانجام دی ہیں ۔
تقریب میں چیئر مین آئی ایم آر ایف سیموئیل پیارا، مجید ایبل، ڈاکٹر شعیب سڈل اور دیگر مہمانان گرامی کی کثیر تعداد موجود تھی۔تقریب کے آخر میں گورنر پنجاب نے پروفیسر ایمینیول رفیق، سمعیرا حسین، پاسٹر شہزاد رفیق، ڈاکٹر محمد شعیب سڈل، نعیم قیصر اور دیگر کو مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے پر دیوان بہادر سنگھا ایوارڈز دیے۔











