پرویز الٰہی نےمیڈیکل ریلیف مشن سیلاب متاثرین  کے لئےپنجاب سے روانہ کر دیا

10

لاہور،08 ستمبر(اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئےاحسن اقدام ،دیگر صوبوں کے سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے عملی اقدام کے طور پر میڈیکل ریلیف مشن کو پنجاب سے روانہ کردیا گیا ہے ۔

وزیر اعلیٰ آفس میں میڈیکل ریلیف مشن سندھ اور بلوچستان روانہ کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف ، ادویات اور امدادی سامان پر مشتمل میڈیکل ریلیف مشن کو روانہ کیا اور کہا کہ 296ڈاکٹرز ، نرسز اور ڈسپنسرز جذبہ خیرسگالی کے تحت سندھ و بلوچستان بھیجے جا رہے ہیں اور محکمہ صحت پنجاب سیلاب زدگان کے لئے ادویات کے 9 ٹرک بھیج رہا ہے، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ کی طرف سے میڈکل سپشلسٹ، نرسز اور ڈسپنسرز متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس لگائیں گے۔سیلاب متاثرین کو  خشک راشن بھی دیا جائے گااور سیلاب متاثرین کی بحالی تک امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب بڑے بھائی کا کردار نبھاتے ہوئے دیگر صوبوں کے سیلاب زدگان کی مدد کررہا ہے پنجاب حکومت آزمائش کی اس گھڑی میں دیگر صوبوں کے سیلاب متاثرین کے ساتھ ہے -ہم اپنے دیگر صوبوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے حاضر ہیں یہ وقت سیاست سے بالا تر ہو کر مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کا ہے،سیاست سے ہٹ کر بلا تفریق ہر ایک کی خدمت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے-انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب زدگان کی مدد کے لئے ڈاکٹر نرسز اور سٹاف کا جذبہ قابل تحسین ہے۔

صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر یاسمین راشد ، متعلقہ سیکرٹریز، ڈی جی ریسکیو1122 ڈاکٹر رضوان نصیر، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ ڈاکٹر مسعود صادق، پروفیسر شمسہ ہمایوں،ڈاکٹر بلقیس شبیر اور میڈیکل ریلیف مشن کے ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف بھی اس موقع پر موجود تھا۔