ملتان، 08ستمبر (اے پی پی ): سیکرٹری ہاوسنگ جنوبی پنجاب جاوید اختر محمود نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں انسداد ڈینگی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے تاکہ شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جاسکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاوس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رضوان نذیر اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر علی مہدی نے ڈینگی مہم پر بریفنگ دی۔
سیکرٹری ہاوسنگ جنوبی پنجاب جاوید اختر محمود نے کہا کہ ڈینگی لاورے کے تدارک کیلئے فیلڈ ٹیموں کو مکمل متحرک کیا گیا ہے،موسم کی وجہ سے ڈینگی لاروے کی افزائش کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹائر شاپس ،گودام،کباڑ خانوں اور قبرستانوں میں خصوصی سکریننگ کی جائے جبکہ ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر مقدمہ اور جرمانے عائد کئے جارہے ہیں۔