سکھر؛ موٹروے پولیس کیجانب سے سیلاب متاثرین میں راشن بیگ تقسیم،روڈحادثات سے بچاؤ کیلئےاحتیاطی تدابیر بھی دی جا رہی

7

سکھر،13ستمبر (اے پی پی): آئی جی موٹر وے خالد محمود، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ ریجن سلطان احمد خواجہ، ڈی آئی جی موٹر وے شاہد جاوید کی خصوصی ہدایت پر ایس پی موٹر وے سکھر سیکٹر زاہد نذیر وریاہ کی زیر نگرانی قومی شاہراہ پر خیمے لگاکر عارضی طور پر مقیم سیلاب متاثرین کو روڈ حادثات سے بچانے کے لئے خصوصی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، سندھ میں حالیہ تباہ کن برسات کے بعد سیلاب متاثرین قومی شاہراہ پربڑی تعداد میں خیمے لگاکر رہنے پر مجبور ہیں۔

 موٹر وے پولیس کی موبائل ایجوکیشن یونٹ سکھر کے افسران اور آپریشنل موبائل کے افسران ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر راشد حسین شاہ کی سربراہی میں سیکٹر کے مختلف علاقوں میں مخیر حضرات سے مل کر سیلاب متاثرین میں راشن بیگ تقسیم کرنے سمیت ان کو روڈ حادثات سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لئے ہدایات دے رہے ہیں۔جبکہ جن متاثرین نے قومی شاہراہ پر خیمے لگاکر عارضی طور پر رہائش اختیار کی ہے، انہیں ہدایت کی جارہی ہے کہ اپنا خیمہ روڈ سے ہٹاکر کسی محفوظ جگہ پر لگائیں۔ اس کے علاوہ مخیر حضرات کو بھی ہدایت دی جارہی ہے کہ سیلاب متاثرین کوامدادی سامان ان کے خیمے میں پہنچانے کے لئے انتظامات کیے جائیں،کیونکہ روڈ پر سیلاب متاثرین کے رش اور رکاوٹوں کی وجہ سے خطرناک حادثات رونما ہوسکتے ہیں۔

مخیر حضرات اور سیلاب متاثرین نے موٹر وے پولیس کی اس بہترین کاوش کو سراہا اور موٹر وے پولیس کی حالیہ جاری مہم کے بعد قومی شاہراہ کے مختلف مقامات پر جو خیمے روڈ کے نزدیک لگائے گئے تھے، انہیں فوری طور پر ہٹاکر قومی شاہراہ سے کچھ فاصلے پر لگایاجارہاہے۔