اوکاڑہ،18ستمبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ تعلیمی ترقی ہی ملک و قوم کے عروج کی ضمانت ہے جب تک ہم سائنس و ٹیکنالوجی اور جدید علوم پر مہارت حاصل نہیں کریں گے اس وقت تک ترقی کا خواب ادھورا رہے گا، اساتذہ کرام بچوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی پر بھر پور توجہ دیں، اساتذۃ کرام خود کو رول ماڈل بنائیں اور طالبعلموں کو ایک مثالی شہری بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں تحصیل دیپالپور میں گورنمنٹ پرائمری سکول رتہ کھنہ، گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول رتہ کھنہ، گورنمنٹ ہائی سکول دیپالپور،ڈسٹرکٹ پبلک سکول اینڈ کالجز دیپالپور، گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول بصیر پور کے دورہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایجوکیشن ڈاکٹر محمد ارشد او ر دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے تعلیمی اداروں کے کلاس رومز،پلے گراؤنڈ، لائبریری،سکول کی راہ داریوں کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے دورہ کے دوران تعلیمی اداروں کی چھتوں پر صفائی ستھرائی اور انسداد ڈینگی کے لئے ہاؤس کیپنگ سے متعلق بھی دریافت کیا۔
ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے اساتذہ کرام کو سکول کی صفائی ستھرائی مزید بہتر کروانے کی ہدایت کی، انہوں نے سکولوں کے انچارج صاحبان کو کلاس رومز میں لائٹوں کی تعداد بڑھانے سے متعلق بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کرام صفائی ستھرائی اور تعلیمی اداروں میں طالبعلموں کو حفظان صحت کے اصولوں خصوصا ڈینگی سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر سے متعلق بتائیں۔
چیف ایگزیکٹیو آفیسرایجوکیشن ڈاکٹر محمد ارشد نے سرکاری تعلیمی اداروں میں طالب علموں کو فراہم کی جانے والی سہولیات ، نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں اور سپورٹس کے شعبہ میں حاصل کی جانے والی کامیابیوں سے متعلق بتایا۔ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا بچوں سے گھل مل گئے اور ان سے نصاب سے متعلق سوالات بھی کئے۔











