حالیہ سیلاب کی وجہ سے پاکستان کا مزدور طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو چکا ہے؛ وفاقی وزیر ساجد حسین طوری

27

اسلام آباد، 20 ستمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ ساجد حسین طوری  نے  کہا ہے کہ  حالیہ سیلاب کی وجہ سے پاکستان کا مزدور طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو چکا ہے، سیلاب کی وجہ سے کئی علاقوں میں چھوٹی صنعتیں بند ہو گئی ہیں جس  سے  مزدور بے روزگار ہو چکے ہیں۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں  نے  منگل کو یہاں  انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے وفد  سے گفتگو   میں  کیا، وفد  کی قیادت آفیسر انچارج پیٹر بوویمبو کررہے تھے۔وفاقی وزیر نے ملاقات میں  پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ مزدور اور ان کے خاندانوں کی مدد کے لیے اپنی وزارت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ    ہماری کوشش ہے کہ متاثرین کی بحالی جلد از جلد ہو تاکہ غربت کی روک تھام ہو سکے ۔

وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ بین الاقومی تنظیموں سے اپیل ہے کہ وہ اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد کریں۔انہوں نے  کہا کہ  ہم آئی ایل او کی کاوشوں کو سراہتے ہیں، ہماری وزارت بحالی کے پروگراموں کو فیڈ کرنے کے لیے ڈیٹا کا استعمال کرے گی اور بھرپور تعاون کریگی ۔

آئی ایل او نے وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کو پاکستان میں عالمی بنک، اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے تعاون سے جاری آفات کے بعد کی ضروریات کی تشخیص کے بارے میں آگاہ کیا۔