اٹک ،21ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی سیکرٹری محکمہ صحت حکومت پنجاب رملہ علی نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں ضلع اٹک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس اٹک میں انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں ایک اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس کو بر یفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جغرافیائی لحاظ سے اٹک کی اہمیت ہر سر گرمی میں مسلمہ ہے اور خاص طور پر پولیو مہم سمیت دیگر اہم سر گرمیوں میں اس ضلع کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اس سال پاکستان میں پو لیو کے 19 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں نے ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کا آغاز کر تے ہوئے پورے ملک میں انسداد پولیو مہم شروع کی اوراس ضمن میں مزید تیاریاں بھی جاری ہیں،آئندہ مہم نومبر میں شروع کی جائے گی
ڈپٹی سیکرٹری محکمہ صحت حکومت پنجاب رملہ علی نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں حکومت پنجاب تمام وسائل بر وئے کار لا رہی ہے اور تمام ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں۔جغرافیائی لحاظ سے ضلع اٹک ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے جس کی وجہ سے انسداد پولیو مہم سمیت دیگر متعلقہ سرگرمیوں میں یہ علاقہ حکومت پنجاب کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔
اجلاس میں یو نیسیف اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں نے بھی پولیو مہم کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس موضوع پر تفصیلی بر یفنگ دی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر حسن وقار چیمہ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر جو اد الہی،یونیسیف اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندے بھی موجو د تھے۔











