ملتان،21 ستمبر(اے پی پی): ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹرکلیم اللہ سے متحدہ میلادکونسل کے وفد نے ملاقات کی اور میلاد النبیﷺ کے موقع پر عاشقان رسول (ﷺ) کے جلوسوں کو طبی امداد کے فراہم کیے جانے کے انتظامات کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر صدر متحدہ میلاد کونسل زاہد بلال قریشی نے ریسکیو 1122کے سابقہ کارکردگی کو قابل تعریف اور تسلی بخش کرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ اس سال عیدمیلاد النبی کے موقع پر ہمارے ریسکیو کے جوان ہمیشہ کی طرح ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمارے ساتھ موجود ہونگے۔
ڈسٹر کٹ ا یمرجنسی آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ نے بات چیت کرتے ہوئے انہیں یقین دہانی کرائی کہ تمام جلوسوں اورعید میلاد النبی کے پروگراموں کیلئے ابتدائی طبی امداد یقینی بنا نے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ہمارے ریسکیورز ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی آپکی توقع پر پورا اتریں گے، میرے جانباز ریسکیورز نے ہمیشہ اپنی اعلیٰ کارکردگی سے میرا سر فخرسے بلند رکھا ہے، چاہے وہ کوئی حادثہ ہو یا سانحہ۔انہوں نے کہا کہ پچھلے دنوں میں ملتان کے ریسکیورز نے دن رات ایک کر کے ہزاروں سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو بروقت ریسکیو کیا، ریسکیورز نے نہ صرف مجھے سرخرو کیا بلکہ ریسکیو 1122کا نام بھی بلند کیا ہے، انشاء اللہ عیدمیلاد النبی کے موقع پر بھی ہم عوام کے ساتھ موجود ہونگے اور جو خدمت آپ کو درکار ہے ہم کرنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ریسکیو1122کی ایمبولینسزاور فائروہیکلزکو ترجیحاً راستہ دیں تاکہ متاثرین کو بروقت طبی امداد دی جاسکے،کسی بھی ایمر جنسی کی صورت میں 1122ڈائل کرکے 15یا 1122کو ایمرجنسی بارے اطلاع دیں، تمام عاشقان رسول (ﷺ)سے گزارش ہے کہ ریسکیوٹیم کے ساتھ تعاون کریں تاکہ بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی ہوسکے۔











