اٹک،22 ستمبر(اے پی پی):ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ظفر اقبال رحمانی اور تحصیل پاپولیشن ویلفیئر آفیسر محمد خبیب نواز نے کہا ہے کہ آبادی اور وسائل میں توازن وقت کا تقاضا ہے ، ماں بچے کی صحت کے لئے بہبود آبادی کی خدمات سے استفادہ میں میڈیا اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ متوازن خاندان کے قیام کے لئے شعور و آگاہی سے معاشرہ میں بہتری لائی جاسکتی ہے، ضلع اٹک میں قائم فیملی ہیلتھ سنٹر، فلاحی مراکز ، موبائل سروس یونٹ اور فیلڈ عملہ ہمہ وقت مصروف عمل ہے ضلع بھر کے علماء کی معاونت سے عوامی شعور میں بہتری آرہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی دفتر بہبود آبادی میں میڈیا آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادویات بالخصوص عام بیماریوں کی دوائیں ہمارے مراکز سے مفت فراہم کی جارہی ہیں، فیلڈ عملہ گھر گھر جاکر معلومات اور خدمات کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے، ضلع اور تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتالوں میں فیملی ہیلتھ مرکز مفت سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
ظفر اقبال رحمانی نے کہا کہ عام آدمی کی بھلائی اور زچہ بچہ کی دیکھ بھال ڈینگی سے بچاؤ،حفاظتی ٹیکہ جات وغیرہ کے سلسلہ میں ہمارا عملہ محکمہ صحت کے ساتھ معاون کا کردار ادا کررہا ہے۔
اس موقع پر فیملی ویلفیئر اسسٹنٹ محمد ارشاد نے صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بہبود آبادی کی خدمات کو عوام تک پہنچانے میں صحافیوں کا مرکزی کردار ہے ان کے تعاون سے ہمیں اپنے اہداف تک رسائی میں بہت آسانی ہو رہی ہے۔











