ملتان ؛یوم شہادت حضرت امام حسنؓ کے موقع پر عزاداری کے جلوس کے روٹ پر صفائی کے مثالی انتظامات

50

ملتان، 25ستمبر(اے پی پی ): اٹھائیس صفرالمظفر کو  یوم شہادت حضرت امام حسنؓ کے موقع پر ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی جانب سے عزاداری کے جلوس کے روٹ پر صفائی کے مثالی  انتظامات کئے گئے ہیں۔

امام بارگاہ ناصرآباد،پاک گیٹ، محلہ جوادیہ، چوک دہلی گیٹ، دولت گیٹ،علی چوک اور شاہ سمش دربار تک صفائی ستھرائی کے بھرپور انتظامات کئے گئے ہیں۔ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا عملہ اور  مانیٹرنگ افسران رات گئے تک ڈیوٹی پر موجود رہا ۔

سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمد فاروق ڈوگر نے بھی یوم شہادت امام حسنؓ کے موقع پر جلوس کے روٹ کا دورہ کیا۔انہوں  نے موٹر سائیکل پر ناصر آباد اور شاہ گردیز کی گلیوں میں صفائی کا جائزہ لیا اور اندرون شہر النگ، دولت گیٹ اور شاہ شمس دربار کے ایریا میں امام بارگاہوں کا دورہ کیا۔

اس موقع پر جلوس اور امام بارگاہوں کے منتظمین سے گفتگو کرتے ہوئے محمد فاروق ڈوگر نے کہا کہ نواسہ رسول رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، مجالس اور جلوسوں کے منتظمین کی مشاورت سے صفائی کے  مثالی انتظامات کئے گئے  ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے مذہبی ایام اور قومی تہواروں پر ہمیشہ اپنی ذمہ داری نبھائی ہے اور بہترین انتظامات کئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ عزاداری کے جلوس کےاختتام تک کمپنی ورکرز ڈیوٹی پر موجود رہیں گے۔

مجالس اور جلوس کے منتظمین نے صفائی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔