انفارمیشن سروس اکیڈمی کے زیر تربیت افسران پر مشتمل وفد کا دورہ گلگت ،پیشہ ورانہ امورپرگفتگوکی گئی

8

گلگت ۔27ستمبر  (اے پی پی):انفارمیشن سروس اکیڈمی وزارت اطلاعات و نشریات اسلام آباد کے انتالیسویں کورس کے زیر تربیت افسران پر مشتمل وفد نے اپنے  دورہ گلگت بلستتان کے موقع پر چیف سیکرٹری  محی الدین احمد وانی  سے تفصیلی ملاقات کی، اس موقع پر پیشہ ورانہ امور پر گفتگو کی گئی۔چیف سیکرٹری گلگت نے وفد کو حکومت  کی جانب سے علاقے کی تعمیر وترقی،صحت،تعلیم،سیاحت و ثقافت و دیگر شعبوں میں کئے گئے  اصلاحات و اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔اس موقع پر چیف سیکرٹری نے زیر تربیت آفیسران کو بحیثیت ڈی جی پی آر لاہور، سیکرٹری انفارمیشن و دیگر اداروںمیں   خدمات سے متعلق اپنے پیشہ ورانہ تجربے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اپنی  سروس کو بہترین انداز میں ڈیلیور کریں تاکہ اپنے ملک کی بہتر طریقے سے خدمت کی جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ملک کو آپ جیسے انرجیٹک اور قابل آفیسران کی ضرورت ہے،اپنے روزمرہ کے امور کو احسن طریقے سے نبھانے کیلئے سنجیدگی سے کام کریں تاکہ ملک کا نام روشن رہے۔اس موقع پر ڈائیریکٹر جنرل انفارمیشن سروس اکیڈمی سعید جاوید اور فیکلٹی  ممبران نے گلگت بلتستان کے دورے کے حوالے سے  اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا ایک خوبصورت چہرہ ہے اور یہاں کی خوبصورتی اپنی مثال آپ ہے۔انہوں نے چیف سیکرٹری کی خطے کی تعمیر وترقی، صحت اور تعلیم میں کئے  گئے اصلاحات اور اقدامات کو خوب سراہا۔