ملتان،04 اکتوبر(اے پی پی ): چیف ایگزیکٹیو آفیسر ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمد فاروق ڈوگر کی ہدایت پر رواں ہفتے چار یونین کونسلوں میں خصوصی صفائی آپریشن لانچ کرنےکا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔شیڈول کے مطابق 5 اکتوبر کو یونین کونسل 5، 6 اکتوبر یونین کونسل23 اور7 اکتوبر یونین کونسل 31 جبکہ8 اکتوبر کو یونین کونسل 37میں خصوصی صفائی مہم کا آغاز کیا جائے گا جس میں سپیشل صفائی اسکواڈ بھی حصہ لے گا۔
آج ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے رضاآباد چوک سے ٹینک چوک تک گرینڈ صفائی آپریشن کے دوران سخی سلطان کالونی، چونگی نمبر1، جمیل آباد، ارسلان ٹاون اور ائر پورٹ روڈ کے اطراف سے کوڑا کرکٹ کا صفایا کردیا ۔
دوسری جانب عید میلاد النبیﷺ کے پیش نظر قلعہ کہنہ قاسم میں صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔قلعہ پر واقع مزارت کے احاطوں میں مثالی صفائی کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ہفتہ شان رحمت اللعالمین ﷺ کی تقریبات کے پیش نظر سرکاری اور نجی سکولوں کے اطراف میں صفائی ستھرائی کی جارہی ہے۔
چوک کمہاراں والا سیکٹر میں بھی صفائی کی خصوصی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے اور کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لئے لوڈر، ڈمپر اور ٹریکٹر ٹرالیوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔
سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے شہر کے سو فیصد کنٹینرز لفٹ کرنے اور کنٹینرز پوائنٹس کی مکمل صفائی کی بھی ہدایت کردی ہے۔











