لاہور، اکتوبر 4(اے پی پی): گورنر ہنجاب محمد بلیغ الرحمان سے ٹریڈرز کینٹ بورڈ کے وفد نے چیئرمین میاں محمد اکرم مہر کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں صدر ٹریڈرز کینٹ بورڈ حاجی ابرار محی الدین،جنرل سیکرٹری سید عمان علی شاہ،سینئر وائس چیئرمین میاں خعرفان ہجویری، وائس چیئرمین حاجی انوار، میڈیا انچارج عثمان بٹ اور دیگر شامل تھے۔ وفد نے گورنر پنجاب کو کینٹ کے تاجروں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ تاجر براداری کا ملک کی ترقی میں اہم کردار ہے۔ ملک کی ترقی کے لیے معاشی پالیسیوں کا تسلسل اور سیاسی استحکام بہت اہم ہے۔ تاجر برداری ٹیکس دے کر ملک کی معیشت میں اہم۔کردار ادا کر رہی ہے۔ بلیغ الرحمان نے کہا کہ ملک میں کاروبار چلنے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔مسلم۔لیگ (ن) نے ہمیشہ کاروباری برادری کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات اٹھائے۔ کاروبار کے ساز گار مواقع پیدا کرنے سے ملک میں خوشحالی آئے گی۔ وفد نے گورنر پنجاب کو تجاوزات، سڑکوں کی مرمت، قبرستان کی جگہ کی عدم دستیابی اور ٹیکس کے مسائل سے آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے وفد کو مسائل کے حل کے لیے سفارشات متعلقہ محکموں کو بھیجنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔











