پاکستان امریکہ کا طویل  المعیاد  شراکت دار ہے ، امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو  فروغ دینا چاہتے ہیں؛وفاقی وزیر  سردار ایازصادق

17

اسلام آباد،6اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیراقتصادی امورسردارایازصادق نے کہاہے کہ پاکستان امریکہ کا طویل  المعیاد  شراکت دار ہے اور ہم  امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو  فروغ دینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں پاکستان میں امریکہ کے سفیر  ڈونلڈ بلوم سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ وفاقی وزیر  نے پاکستان میں امریکہ کے سفیر  کا پرتپاک استقبال کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اقتصادی امور نے دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کو سراہا اورکہاکہ  ہم امریکہ کو اپنا طویل مدتی شراکت دار  سمجھتے ہیں۔ حکومت پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے  وزیر اقتصادی امور   نے سیلاب سے متاثرہ  افراد کی امداد کیلئے  یو ایس ایڈ کی طرف سے فراہم کی جانے والی امداد پر بھی شکریہ ادا کیا۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے  کہاکہ  دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات امریکہ کے ساتھ ساتھ پاکستان کے لیے بھی اہم ہیں۔ ہم   تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، تعلیم اور معیشت  کے شعبوں پر زیادہ توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔  انہوں  نے کہاکہ پاکستان کے پاس بہت زیادہ صلاحیت اوراستعداد ہے جسے تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

امریکی سفیر نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے   سے   جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں   نے وفاقی وزیراقتصادی امورسردارایازصادق  کو یو ایس ایڈ کے ذریعے امریکہ کی طرف سے فراہم کی جانے والی سیلاب سے متعلق امداد کے بارے میں بتایا اور کہا کہ امریکہ موسمیاتی لحاظ سے موزوں   تعمیر نو میں مدد کرے گا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیراقتصادی امورسردارایازصادق نے سفیر کو  بتایا کہ حکومت نے این جی اوز کیلئے  پالیسی  کے ضمن میں   پوری این جی او کمیونٹی کو شامل کیا ہے جو جلد ہی کابینہ میں پیش کی جائے گی ۔وفاقی وزیر نے پراجیکٹس کو تیز کرنے کی ضرورت پر مزید روشنی ڈالی اور ان پراجیکٹس پر بات چیت کے لیے  الگ اجلاس کرنے کی تجویز دی۔ انہوں  نے مزید کہا کہ وہ نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی   این سی سی  کے پلیٹ فارم کے ذریعے تمام پراجیکٹس کو فعال طور پر دیکھ رہے ہیں جس میں ہر پروجیکٹ کی ہر روز کی پیشرفت پیش کی جاتی ہے۔