ملتان،06 اکتوبر(اے پی پی ):سروس ڈیلوری میں بہتری اور دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے نشتر ہسپتال کے مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ وہ نشتر ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ، شعبہ پیڈز میڈیسن، آرتھو پیڈک ڈیپارٹمنٹ، ڈائلیسسز یونٹ، نشتر کولیکشن سنٹر اور شعبہ ناک کان اور گلہ گئے اور وہاں مریضوں سے فراہم کی جانے والی طبی اور دیگر سہولیات بارے استفسار کیا۔
انہوں نے اس موقع پر ڈیوٹی پر مامور طبی عملے سے بھی گفتگو کی اور ان کو درپیش مسائل بارے آگاہی حاصل کی ۔ مذکورہ شعبوں کے سربراہان اور دیگر انتظامی افسران نے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد کو اس حوالے سے بریفنگ دی۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل نے انتظامی افسران کو تمام تر سہولیات کی بلا تعطل فراہمی کو ہرممکن طریقے سے یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دھانی کرائی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تھا کہ سروس ڈیلوری میں کسی قسم کی کوتاہی قابلِ قبول نہیں ۔











