وفاقی محتسب کے سینئر مشیر نے 65لاکھ روپے کے کلیم چیک شکایت کنندہ کے حوالے کر دیئے

14

کراچی،6اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس کراچی کی ہدایات کی تعمیل میں پوسٹل لائف انشورنس کمپنی (پی ایل آئی سی)نے جمعرات کوپالیسی ہولڈرز کے پسماندگان کو 65 لاکھ روپے کے کلیم کی رقم ادا کر دی۔ وفاقی محتسب علاقائی دفتر کراچی کے سینئر مشیر سید انوار حیدر نے پی ایل آئی سی کے نمائندوں اور میڈیا کی موجودگی میں ریجنل آفس کراچی میں نامزد پسماندگان کو انشورنس ڈیتھ کلیم کے چیک حوالے کیے۔

قبل ازیں پی ایل آئی سی نے حقائق کوچھپانے کا جواز بناکر پسماندگان کو رقم کی ادائیگی سے انکار کیا تھا جس پر انہوں نے وفاقی محتسب علاقائی دفتر میں 18 فروری 2022 کو دعوے کی رقم کی ادائیگی میں تاخیر کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ سینئر ایڈوائزر سید انور حیدر نے کیس کی سماعت کی اور 29 اپریل 2022 کو شکایت کنندہ کے حق میں حتمی حکم جاری کیا اور پی ایل آئی سی کو ہدایت کی کہ وہ شکایت کا جلد از جلد ازالہ کرے اور مستحقین کو کل رقم کی ادائیگی کو یقینی بنائے۔ اس موقع پر سید انور حیدر نے کہا کہ وفاقی محتسب کے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا اور کریم پی ہیرانی مرحوم کی بیوہ اور بیٹی دونوں کو 32 لاکھ 50 ہزار روپے کے چیک دئیے گئے۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید انوار حیدر نے کہا کہ محتسب کے فیصلوں پر متعلقہ حکام کی طرف سے تعمیل کا تناسب 95 فیصد سے زیادہ ہے کیونکہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ فعال طور پر فیصلہ شدہ مقدمات کی پیروی کرتا ہے اور اس کے پاس اس مقصد کے لئے ایک خصوصی شعبہ قائم ہے۔ سینئر مشیر نے کہا کہ وفاقی محتسب وفاقی حکومت کے تمام محکموں اور اداروں کے خلاف عوام کی شکایات کے ازالے کے لیے ایک قانونی فورم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکایت کنندگان کو وفاقی محتسب سیکرٹریٹ میں شکایت درج کرانے کے لیے کسی قانونی مشیر کی خدمات کی ضرورت نہیںاور نہ ہی انہیں اس مقصد کے لیے کوئی فیس ادا کرنی پڑتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محتسب کا دفتر وفاقی حکومت کے محکموں سے متعلق عوام کے مسائل کو دور کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ سید انور حیدر نے کہا کہ تمام  شکایات کے حقائق اور شکایت کی نوعیت کے مطابق مکمل چھان بین کی جاتی ہے اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے شکایات کے ازالے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جاتے ہیں۔

 اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ایل آئی سی عامر علی خان نے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ایل آئی سی سے متعلق کئی دیگر کیسز محتسب کے پاس زیر سماعت ہیں جن کا جلد فیصلہ کر کے عوام کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔

 شکایت کنندگان دلشاد کریم ہیرانی اور زہرہ ہیرانی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا مسئلہ مختصر وقت میں حل کرنے پر ایف او ایس بالخصوص علاقائی دفتر کراچی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ توقع نہیں کر رہے تھے کہ ایک کیس، جو پہلے مسترد ہوا اور تین سال سے التوا کا شکار تھا، ہفتوں میں حل ہو جائے گا اور ہم اپنا حق حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔  انہوں نے کہا کہ سیکرٹریٹ میں شکایات کی شنوائی کا طریقہ کار سہل اور سادہ اور ادارے کے افسران اور عملے کا رویہ دوستانہ ہے۔