سکھر؛عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے کیساتھ منایا گیا ، سیکورٹی کے سخت انتظامات

9

سکھر،09اکتوبر(اے پی پی ): ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر میں بھی جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مذہنی جوش و جذبے کیساتھ منایا گیا،جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں مرکزی جلوس سکھر کے علاقے شیخ شہین روڈ سے سے نکالاگیا۔ مرکزی جلوس کی قیادت ممتاز عالم دین مفتی محمد ابراہیم قادری ،مفتی عارف سعیدی ،صاحبزادہ حامد محمود فیضی ، مشرف محمود قادری، مفتی ساجد سعیدی سمیت دیگر علماءکرام کررہے تھے۔

مرکزی جلوس میں کاریں ، موٹر سائیکلیں ، سوزوکیاں ، ویگنیں ، مزدا و دیگر گا ڑیاں شامل تھیں جن پر بچے و بوڑھے سوار تھے اور ان کے ہاتھوں میں گنبد خضراءکا سبز ہلالی پرچم تھا جبکہ فضاءشرکاءجلوس کی جانب سے سرکار کی آمد مرحبا، آقا کی آمد مرحبا ، مرحبا یا مصطفیٰ ﷺ کے فلگ شگاف نعروں سے گونج رہی تھی۔

گھنٹہ گھر چوک پر میلاد کونسل کی جانب سے مرکزی جلوس کے لئے استقبالیہ کیمپ لگایا گیا اور میلاد کونسل سکھر کے عہدے داروں و اراکین و شرکاءنے جلوس و مرکزی قائدین کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

 پولیس و رینجرزکی بھاری جمعیت جلوس کے ہمراہ اوراس کی گزرگاہوں اور راستوں پر تعینات کی گئی تھی۔

جلوس کے اختتام پر علماءکرام نے اپنے خطابات میں کہا کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عیدوں کی عید اور رحمت و برکت کا ذریعہ ہے، مسلمان اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد منا کر اللہ تعالی کے احسان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور دنیا کو بتاتے ہیں کہ ہم اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اتنی محبت کرتے ہیں۔

 بعد ازیں خطابا ت علماءکرام نے ملکی سلامتی ، خوشحالی و استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔