اسلام آباد،9اکتوبر (اے پی پی):جشن عید میلاد النبیؐ کی مناسبت سے جلوس اسلام آباد شہر کے مختلف علاقوں سے برآمد ہوئے،عید میلادالنبیؐ کی سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے۔ جلوس کے راستوں پر پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران سمیت بھاری نفری تعینات کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے جلوس کے راستوں کا دورہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز اور پولیس کے اعلیٰ افسران ان کے ہمراہ تھے اور سکیورٹی کے انتظامات چیک کیے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلوس سکیورٹی انتظامات کی مکمل نگرانی کرنے کی ہدایات کی گئی تھیں۔جلوسوں کے اختتام پر شہر بھر میں محافل کا اہتمام کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے جلوس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حضور ﷺ کی سیرت طیبہ پر عمل ہی فلاح وکامیابی کا ضامن ہے۔دین ودنیا کی کامیا بی رسول اللہ ﷺ کے اسوۂ کاملہ کی پیروی میں ہی مضمر ہے۔اللہ تعالیٰ ہمیں رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات کی کامل اطاعت کی توفیق عطا فرمائے۔











