اوکاڑہ: ریسکیو1122 کے قیام کو 18 سال مکمل ہونے پروقار تقریب کا انعقاد

12

اوکاڑہ،14اکتوب(اے پی پی):  انسانیت کی بے لوث خدمت کرنے والے ادارے ریسکیو 1122 کے قیام کو 18 سال مکمل ہونے پر سنٹرل اسٹیشن اوکاڑہ پر سالگرہ کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پرڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے زبردست انداز میں بانی ڈائریکٹر جنرل / سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بتایا کہ بانی ڈائریکٹر جنرل / سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) نے 2004 میں لاہور سے ایمبولینس سروس شروع کی اور اپنی انتھک محنت، لگن اور کاوش کی بدولت ریسکیو1122 کو ناصرف پاکستان بلکہ ساؤتھ ایشیاء کے ترقی پذیر ممالک کے مقابلے میں بہترین ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ بنا یا۔ریسکیو1122 کی ایمبولینس سروس اب تک 1 کروڑ سے زائد ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیو کیا ہے جبکہ 1 لاکھ 90 ہزارسے زائد فائر ایمرجنسیز اور سانحات میں بروقت ریسپانس اور پیشہ وارنہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 580 ارب سے زائد کے نقصانات کو بچایا۔

بعد ازاں ڈسٹر کٹ ایمرجنسی آفیسر اور ریسکیورز کی جانب سے ریسکیو1122 کی 18 ویں سالگرہ کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا اور ملکی سلامتی خوشحالی اور استحکام کے لئے دعا کی گئی۔