ایسٹ پراجیکٹ اساتذہ کی انگریزی زبان کے حوالے مہارتوں میں اضافہ کرے گا ؛صوبائی وزیر تعلیم مراد راس

21

لاہور،14اکتوبر  (اے پی پی):صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے کہا ہے کہ ایسٹ پراجیکٹ اساتذہ کی انگریزی زبان کے حوالے مہارتوں میں اضافہ کرے گا، منصوبے کے آغاز سے پرائمری سطح کے ایک لاکھ پچاس ہزار سے زائد اساتذہ مستفید ہو سکیں گے، اساتذہ آن لائن پورٹل پر مختلف موڈیولز کے ذریعے انگریزی زبان کے حوالے تربیت حاصل کریں گے۔

ان خیالات  کا اظہار انہوں  نے  جمعہ کو یہاں برٹش قونصل اور قائد اعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈیویلپمنٹ پنجاب کے باہمی تعاون سے شروع کئے جانے والے منصوبے ’’انگلش ایز اے سبجیکٹ فار ٹیچرز اینڈ ایجوکیٹرز ‘‘ (ایسٹ)کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا

صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے کہا کہ برٹش قونصل اور قائد کے مشترکہ تعاون سے ایسٹ پراجیکٹ پر 2022 سے 2024 تک کام کیا جائے گا اور اس کی کامیابی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اس پراجیکٹ کے دورانیے میں مزید اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے،ایسٹ پراجیکٹ اساتذہ کی انگریزی زبان کے حوالے مہارتوں میں اضافہ کرے گا اور تعلیمی نظام کی بہتری کے لئے اس طرز کے تربیتی پراجیکٹس کا انعقاد وقتا ًفوقتاً ہوتا رہنا چاہیے۔انہوں  نے پرائمری سطح پر میڈیم آف انسٹرکشن اردو زبان میں تبدیل کرنے کے حوالے سے  بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پرائمری سطح پر اردومیڈیم میں پڑھانے کو اس لئے ترجیح دی ہے تاکہ طالب علم رٹا سسٹم سے چھٹکارا حاصل کریں اور اپنی ابتدائی تعلیم سمجھ کر حاصل کر سکیں۔

صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے کہا کہ دنیا کے  کسی حصے میں ایسا نہیں ہوتا کہ بچوں کو کسی غیر ملکی زبان میں ابتدائی تعلیم دی جاتی ہو۔انہوں  نے کہا کہ صحت اور تعلیم ایسے محکمے ہیں جن کو سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھنا چاہیے،حکومت چاہے کسی کی بھی ہو اِن محکموں کے معاملات پر کوئی اثر نہیں آنا چاہیے، ہم نے محکمہ سکول ایجوکیشن میں ماضی کی روایات کے برعکس اپنے سیاسی مخالفین کی جانب سے شروع کئے جانے والے منصوبوں کو بند کرنے کی بجائے انہیں بہتر بنایا تاکہ ہمارے بچے ان منصوبوں سے مستفید ہوتے رہیں۔

ایسٹ پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب میں برٹش قونصل سے فیونا روبرٹسن، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سکول ایجوکیشن، ڈائریکٹر جنرل قائد اعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ و دیگر افسران بھی موجود تھے۔