لاہور؛ڈاکٹریاسمین راشد، ڈاکٹرثانیہ نشتر کی زیر صدارت اجلاس، صحت سہولت پروگرام کا جائزہ لیا گیا

8

لاہور، 14اکتوبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشداور چیئرپرسن احساس پروگرام ڈاکٹرثانیہ نشتر کی زیرصدارت ایوان وزیراعلی میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران صحت سہولت پروگرام کے تحت پنجاب کی عوام کو صحت کی مزید سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کاتفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے اجلاس کے دوران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد اور ڈاکٹرثانیہ نشترکو بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ اب پنجاب کی عوام کو صحت سہولت کارڈکے ذریعے علاج معالجہ کی سہولت حاصل کرنے والی رقم کی میعادختم ہونے پر بالکل پریشان نہیں ہوناچاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی عوام کو پنجاب کے منتخب سرکاری ہسپتالوں میں صحت تحفظ پروگرام کے تحت مفت علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ پنجاب کی عوام احساس تحفظ پروگرام کے تحت پنجاب کے منتخب سرکاری ہسپتالوں سے کینسر، گردوں، برین اینورسم، ہڈیوں اور لیورٹرانسپلانٹ کی مفت سہولت حاصل کرسکیں گے۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پہلے مرحلے میں احساس تحفظ پروگرام کے تحت ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی، نشترمیڈیکل یونیورسٹی اینڈہسپتال ملتان اور انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ ملتان میں مریض مفت علا ج کی سہولت حاصل کرسکیں گے۔  انھوں نے کہا کہ اعدادوشمار کے مطابق ابھی تک پنجاب میں 24لاکھ6ہزار سے زائد افراد نے صحت سہولت کارڈکے ذریعے مفت علاج معالجہ کی سہولت حاصل کرلی ہے۔ ابھی تک پنجاب کی عوام تقریبا53ارب روپے سے زائد کے مفت علاج معالجہ کی سہولت حاصل کرچکے ہیں۔ پنجاب کی عوام کو صحت سہولت کارڈکے ذریعے مفت علاج معالجہ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے 793سرکاری ونجی ہسپتالوں کومنتخب کیاگیاہے۔

اجلاس میں سپیشل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن محمد عثمان،سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹومینجمنٹ کمپنی ڈاکٹرعلی رزاق،حسنات احمد،ڈپٹی سیکرٹری وزیراعلی پنجاب کلیم ودیگر افسران نے شرکت کی۔