لاہور،14اکتوبر (اے پی پی):صوبائی وزیر پارلیمانی امور محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس میں بے آباد سرکاری اراضی کو کارپوریٹ فارمنگ کیلئے لیز پر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بورڈ آف ریونیو نے کارپوریٹ فارمنگ کیلئے سٹیٹ اراضی کی لیزنگ کی میعاد 20 سال رکھنے کی تجویز دی۔
چیئرمین کمیٹی محمد بشارت راجہ نے کہا کہ ایک طرف ہم گندم درآمد کر رہے ہیں جبکہ دوسری جانب ہزاروں ایکڑ رقبہ خالی پڑا ہے۔ اس زمین کو بروئے کار لا کر فوڈ سکیورٹی کے لئے کارپوریٹ فارمنگ کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ اس موقع پر وزیر خزانہ محسن خان لغاری نے کہا کہ حکومتی اقدام سے سرکاری اراضی کے غیر قانونی استعمال کی روک تھام ہوگی اور ریونیو میں بھی اضافہ ہوگا۔
کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے ڈی جی خان میں 6572 کنال سرکاری رقبہ سیمنٹ فیکٹری کو نیلام کرنے کی بھی منظوری دی۔ ڈسٹرکٹ اور ڈویژنل پرائس اسیسمنٹ کمیٹیوں نے مارکیٹ ریٹ کے مطابق ریٹ لگایا، سب سے زیادہ بولی سیمنٹ فیکٹری نے لگائی۔
اجلاس میں سنیئر ممبر پنجاب بورڈ آف ریونیو (ایس ایم بی آر) زاہد اختر زمان، ممبر کالونیز شاہد نیاز، سیکرٹری قانون، سیکرٹری زراعت اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔